’پاک فوج کا بھارتی پائلٹ سے رویہ امن کا پیغام ہےپاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا بھارتی پائلٹ ابھے نندن کے ساتھ مثبت رویہ امن کا پیغام دے رہا ہے۔
’جیو پاکستان‘
سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار احسن خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طحویل میں بھارتی پائلٹ کو جس طرح سے پاک فوج ٹریٹ کررہی ہے اس سے پوری دنیا میں امن کا پیغام جارہا ہے۔ احسن خان نے کہا کہ صرف پاکستانی فوج ہی نہیں بلکہ ہمارے فنکار بھی پاک بھارت کشیدگی پر مسلسل اپنے بیان میں صرف امن کی بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فنکار امن کی بات کررہے ہیں کیونکہ ایک آرٹسٹ کا کام امن پھیلانا ہے نا کہ حالات کو کشیدہ کرنا جبکہ بھارتی فنکار اس کے بالکل بر عکس ٹوئٹس کر رہے ہیں اور اس طرح کے بیانات دے کر وہ جاہلیت کا ثبوت دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ہمارے فنکار یہاں سے بھاگ بھاگ کر بھارت نہیں جاتے بلکہ وہ خود اُنہیں بلاتے ہیں۔ احسن خان نے کہا ہمارے
فنکاروں کو پوری دنیا پسند کرتی ہے اور یہ مقام ہم نے بغیر کسی سپورٹ کے حاصل کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے نامور گلوکار و سیاست دان جواد احمد نے بھی جیو پاکستان سے گفتگو کی اور انہوں نے بھی اس بات پر زور دیا کہ جنگ نہیں ہونی چاہیے۔ جنگیں فائدہ مند نہیں ہوتیں بلکہ انسانیت کو تباہ کردیتی ہیں، اس سے فائدہ صرف اُن کو ہوتا ہے جو اسلحہ بناتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی دو بڑی جنگیں1965 اور 1971 میں ہو چکی ہیں مگر اس کے باوجود پاکستان اور بھارت دونوں کی جانب سے فلمیں بنیں اور دونوں طرف کے فنکاروں نے ایک ساتھ کام کیا ہے۔ جواد احمد نے کہا کہ ہماری حکومت اور قوم کو اس وقت میں بہت ہی سمجھ داری سے کام لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی گزشتہ روز صرف امن کی بات کی تھی لہذا عوام بھی سمجھداری کا مظاہرہ کرے اور اشتعال پھیلانے سے گریز کرے۔