پاک بھارت کشیدگی کے خلاف برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے پاکستانی اور بھارتی طلبا ایک ہوگئے، مشترکہ بیان میں دونوں ملکوں کے رہنماؤں سے باہمی مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کا مطالبہ کر دیا۔ آکسفورڈ کے پاکستانی اور بھارتی طلبا کے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ ایک بھیانک چیز ہے جس کے نتیجے میں صرف موت اورنا ختم ہونے والے غم ملتے ہیں۔ پاکستان، بھارت اور دنیا بھر کے تمام بھارتی اور پاکستانی لوگوں سے اپیل ہے کہ نفرت کے بیانیے کو رد کر کے آپس میں اتحاد قائم کریں۔ اس موقع پر مشترکہ بیان میں میڈیا پر پھیلائی جانے والی ہیجان خیز غیر مستند خبروں کی بھی شدید مذمت کی گئی۔