احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت آج ہوگی جب کہ مقدمے میں نامزد ملزم شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوگئے۔
احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد ملک کیس کی سماعت کریں گے، عدالت کے باہر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود ہے۔
رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے تاہم دونوں ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے گواہان کو طلب کر رکھا ہے۔
نیب کی جانب سے رمضان شوگر مل کیس میں 46 گواہان کو پیش کیا جائے گا، اب تک نیب کی جانب سے پیش ایک گواہ کا بیان قلمبند کیا جا چکا ہے۔