وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، سرمایہ کاروں اور غیر ملکی سیاحوں کے لئے ہوائی اڈوں پر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں ملک کے ہوائی اڈوں پر بہترین انتظامات یقینی بنانے سے متعلق اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ائیرپورٹس پر عالمی معیار کی سہولتوں کی فراہمی اور امیگریشن اور کسٹم کا عمل زیادہ سے زیادہ آسان بنانے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے سیکرٹری ایوی ایشن کو ہوا بازی کی نئی پالیسی کے تحت ہوائی اڈوں کے قواعد و ضوابط اور انتظام جلد الگ کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈوں کے بہترین انتظام اور بین الاقوامی معیار کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے دلچسپی کا اظہار کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
وزیراعظم کو پی آئی اے کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا۔انہیں پاکستان کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی اور انتظامات کو بہتر بنانے کی آئندہ حکمت عملی سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔