بھارتیوں کو ناکوں چنے چبوانے والے پاکستانی ہیرو ایم ایم عالم کا آج 84واں یوم پیدائش منایا جارہا ہے،جرات و بہادری کی مجسم مثال ایم ایم عالم نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں ایک منٹ میں دشمن کے پانچ جہاز گرانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا انہوں نے یہ کارنامہ سرگودھا کے محاذ پر سرانجام دیا تھا۔
پاک فضائیہ کے عظیم پائلٹ اور قوم کے ہیرو محمد محمود عالم انیس سو پینتیس میں بھارتی شہر کولکتا میں پیدا ہوئے انہیں آسمان میں اڑنے کا شوق جنون کی حد تک تھا اسی لئے انیس سو باون میں پاکستان ائیرفورس میں شامل ہوئے اور اپنی قابلیت کے باعث اسکواڈرن لیڈر، انسٹرکٹر ، ڈائریکٹر آپریشنز اور اسسٹنٹ چیف آف ائیر اسٹاف کے عہدوں پر فرائض انجام دئیےاپنی زندگی کے آخری ایام میں ایک انٹرویو دیتے ہوئےقومی ہیرو ایم ایم عالم کا کہنا تھا کہ انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں جو قومی جذبہ تھا وہ انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
فضائی جنگ میں تاریخ رقم کرنے والے محمد محمود عالم نے ہمیشہ کہاکہ پاکستانی قوم دنیا کی بہترین اور محنتی قوم ہے جس کا ایک واضح ثبوت انیس سو پینسٹھ کی جنگ ہے۔
بہادری کےبھرپور کارنامے پر ایم ایم عالم کو ستارہ جرات سے نوازا گیا۔ حکومت نے ان کی لازوال خدمات کے اعتراف میں گلبرگ میں ایک اہم سڑک کو ایم ایم عالم سے موسوم کیا۔ ایم ایم عالم طویل عرصہ تک علیل رہنے کے بعد اٹھارہ مارچ دو ہزار تیرہ کو انتقال کر گئے۔