لاہور سے منڈی بہاء الدین جاتے ہوئے مریم نواز کا قافلہ موٹر وے ٹول پلازا پر رکا تو ٹول ٹیکس کی ادائیگی پر تنازعہ کھڑا ہوگیا، گاڑیوں میں سوار درجنوں (ن) لیگی کارکن گاڑیوں سے اتر گئے اور نعرے بازی شروع کردی۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ مشتعل ہجوم کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی کوشش کی گئی تاہم صورتحال کی نزاکت کے تحت کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام گاڑیوں کو بغیر ٹول ٹیکس کے جانے کی اجازت دے دی گئی۔
دوسری جانب وزیر مواصلات مراد سعید نے (ن) لیگی قافلے کو بغیر ٹول ٹیکس کے چھوڑنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
مراد سعید کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو ٹول ٹیکس ادا نہ کرنے پر جرمانے کا بل بھیجا جائے گا جب کہ قافلے کے دیگر افراد کی شناخت کا عمل مکمل کرکے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
مراد سعید کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، نئے پاکستان میں امیراور غریب میں کوئی فرق نہیں ،مریم نواز خود کو شہزادی سمجھتی ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ ان کی بادشاہت ختم ہوچکی ہے۔