پاکستانی خبریں
انگلیوں کے بائیو میٹرک نشانات مٹ جانے والے شہریوں کیلئے الگ میکنزم کا فیصلہ
بزرگ شہری کی شکایت پر وزیراعظم نے نوٹس لے لیا جب کہ حکومت نے حادثات یا عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے انگلیوں کے بائیو میٹرک نشانات مٹ جانے والے شہریوں کے لیے بائیو میٹرک شرط ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعظم آفس نے نادرا کو خط لکھ کر 30 روز کے اندر اس حوالے سے کام مکمل کرنے کی ہدایت کر دی، وزیر اعظم آفس، وزارت داخلہ اور نادرا کے مابین ٹاسک مینجمنٹ سسٹم قائم کردیا گیا۔ شناختی کارڈز، پاسپورٹ، موبائل سم اور بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے بائیو میٹرک کی شرط لاگو نہیں ہوگی۔
وزیراعظم کے سیکریٹری اعظم خان کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیاکہ پاکستان میں بہت بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جن کے انگوٹھوں کے نشانات مٹ چکے ہیں، ایسے افراد کو شناختی کارڈ بنوانے اور بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے دوران سرکاری دفاتر اور بینکوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن شہریوں کے انگوٹھے کے نشانات مٹ چکے ہیں انکے لیے الگ میکنزم تیار کیا جائے۔