لندن میں دولت مشترکہ کے وزرائے خارجہ کے غیرمعمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی، بدعنوانی کا خاتمہ، پائیدار اقتصادی ترقی اور سماجی انصاف حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افرادی قوت میں پاکستانی خواتین کی شمولیت کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت نے خواتین کے حقوق ،ان کو معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے کیلئے قانون سازی کی ہے۔
حکومت کی معاشی اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان عوام کی ترقی پر یقین رکھتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کی نوجوانوں پر خصوصی توجہ اور معاشی ترقی کیلئے شروع کئے گئے پروگراموں کو بھی اجاگر کیا۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے اور اس سے پاکستان معاشی سرگرمیوں کا علاقائی مرکز بن جائے گا۔