وزیراعظم کا سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں سرمایہ کاری بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی اورصوبائی سطحوں پرمختلف قوانین، کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے غیرضروری قواعدوضوابط، سرکاری محکموں کی جانب سے کاروباری برادری کے لئے رکاوٹیں پیدا کرنے اور بدعنوانی کے سبب ملک میں صنعتی ترقی جمود کا شکار ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں نوجوان طبقے کی بڑی تعداد،ارزاں افرادی قوت کی دستیابی اور حکومت کی نرم اور آزادانہ پالیسی سے ملک میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا ہواہے جس سے مکمل فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔
وزیراعظم نے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین کو ایک ماہ کے اندر کاروباری سرگرمیوں سے متعلق وفاقی اور صوبائی قوانین کے درمیان ہم آہنگی کاعمل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں صوبوں کے ساتھ مشاورت کے ذریعے متعلقہ قوانین کو سادہ اور آسان بنایا جائے۔