ڈائریکٹر آپریشنز اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان قریشی کے مطابق وادی نیلم کے علاقے لیسوا میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث آسمانی بجلی گرنے اور سیلابی ریلے سے علاقے میں تباہی مچ گئی۔
سیلابی ریلے سے 150 کے قریب مکانات متاثر ہوئے اور ایک مسجد بھی بہہ گئی جس کے نتیجے میں 24 افراد لاپتا ہوگئے جن میں 11 تبلیغی جماعت کے ارکان اور باقی مقامی افراد شامل ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
ڈائریکٹر آپریشنز سعید الرحمان نے بتایا کہ سیلابی ریلوے سے لیسوا میں واقع بازار کی دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جب کہ کئی سیاحوں کی متعدد گاڑیاں بھی ریلے میں بہہ جانے کی اطلاع ہے۔
سعید الرحمان قریشی کے مطابق علاقے میں مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ٹیموں نے علاقے میں پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔