پاکستانی خبریں

برطانیہ کی عدالت میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے: شاہد خاقان

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہ عمران خان، شہزاد اکبر اور دیگر بیان بازی کرنے والوں کے خلاف برطانیہ کی عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شہزاد اکبر کا ایک ہی اثاثہ ہے وہ بھی لگتا ہے جھوٹ ہی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ڈیلی میل میں بیان لگا کر حکومت کرپشن ثابت کرنا چاہتی ہے،نوبت یہاں تک آگئی ہے کہ انہیں اب پاکستان کا بھی خیال نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی ایف ڈی پاکستان میں فنڈنگ کرتا ہے انہوں نے ڈیلی میل کی خبر کی تردید کردی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی افراد کو ذاتی عناد میں ملک کی بھی فکر نہیں رہی، جس ادارےکاپنجاب حکومت سےلینادیناہی نہیں اس کےفنڈمیں کرپشن کیسےہوئی؟

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ عمران خان، شہزاد اکبر اور دیگر بیان بازی کرنے والوں کے خلاف برطانیہ کی عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کررہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شہزاد اکبر کا کام پریس کانفرنس کرنا نہیں ہے ثبوت پیش کریں، شہزاد اکبر سے آج تک کوئی اثاثہ ریکور نہیں ہوا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ مجھے معلوم ہے ان جھوٹوں کے پاس کچھ نہیں اگر ثبوت ہے تو نیب کو دیں تاکہ کیس بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ ان حضرات کو چیلنج ہے تو سیدھا نیب میں جائیں اور عوام کے سامنے ثبوت رکھیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن میں کہا تھا کہ شہباز شریف نے انہیں پاناما کیس پر بات نہ کرنے کے لیے 10 ارب کی پیشکش کی تھی، شہباز شریف نے ان کے خلاف ہتک عزت کا دعوی کیا اور اب تک عمران خان کا وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہا کہ لاہور میٹرو پر عمران خان نے کہا تھا کہ 70 ارب خرچ ہوئے، میٹرو 30 ارب میں بنی اور گزشتہ کئی سال سے چل رہی ہے۔

شاہد خاقان نے کہا کہ میٹرو اگر نہیں چل رہی تو پشاور کی نہیں چل رہی، پشاور میٹرو پر نہ عمران خان بات کرتے ہیں نہ شہزاد اکبر اور نہ ہی نیب کارروائی کرتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اثاثے ریکور کرنے ہیں تو ان چوروں کے کریں جو بی آر ٹی میں پیسے کھا کر آج حکومت کا حصہ بنے ہوئے ہیں، ان چور وزیروں کا کریں جنہوں نے باہر اثاثے بنائے ہم نے شواہد پیش کیے لیکن کوئی سننے والا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ کی کوئی حقیقیت تو ہونی چاہیے، کہتے ہیں شہباز شریف نے ایرا کے فنڈز میں کرپشن کرلی ہے،جو مشرف کے زمانے میں شروع ہوا جس کا پنجاب حکومت سے تعلق نہیں 2011-2012 کے پے آرڈر پیش کیے گئے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیٹ بنک سے معلوم کرلیں، ایرا سے کیا تعلق ہے، شہباز شریف کا ان کے فنڈز کیا تعلق ہے، ایک نوید اکرام کا ذکر کیا گیا جو پنجاب پاور کمپنی میں تھے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نوید اکرام کو شہباز شریف نے کرپشن کے کیس میں نکالا تھا، نوید اکرام کو 50 کروڑ روپے کے خرد برد کے الزام میں کیس نیب کو بھیجا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی افراد کو ذاتی عناد میں ملک کی بھی فکر نہیں رہی، حقیقت یہ ہے کہ عمران خان جو بھی بات کرتے ہیں اس میں جھوٹ ہی نکلتا ہے۔

Related Articles

Back to top button