صوبہ پنجاب کے ضلع صادق آباد کے لنڈا بازار میں آتشزدگی کے نتیجے میں ستر سے زائد پتھارے جل جانے سے کروڑوں روپے کا نقصان ہو گیا، ریسیکو ٹیموں نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
تفصیلات کے مطابق صادق آباد کے لنڈا بازار میں آگ موٹر پمپ کی تار سے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اردگرد کی پتھاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ تیز ہوا نے بھی اپنا کام دکھایا۔
ریسیکو نے بھی ایمرجنسی نافذ کی اور رحیم یار خان سے بھی ہنگامی مدد طلب کی گئی، دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد سات فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا، اب کولنگ کاعمل جاری ہے۔ صادق آباد کا لنڈا بازار گذشتہ پانچ سالوں میں چوتھی بڑی آگ کا شکار ہوا ہے ہر بار آگ بڑے نقصان کا باعث بنی، اس مرتبہ بڑی امدادی کارروائی اور بروقت اطلاع کے باعث 70 فیصد لنڈا جلنے سے بچ گیا۔