وہ اسلام آباد میں امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے چیئرمین ڈاکٹر محمود خان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ماضی کی یہ سوچ تبدیل کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کررہی ہے جس کے تحت منافع بخش کاروباری سرگرمیوں کومنفی قرار دیا جاتا تھا اوراس رجحان کی حوصلہ شکنی کے لئے بھاری ٹیکس عائدکئے جاتے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ اور تمام متعلقہ وزارتیں سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے انتھک کوششیں کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت تاجربرادری سے مکمل تعاون کرے گی۔ امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر محمود خان نے وزیراعظم کو پاکستان میں کام کرنے والی مختلف کمپنیوں کے بارے میں بتایا۔
کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی وزیراعظم کو کاروباری سرگرمیوں، تجارتی حجم اور ان کی متعلقہ کمپنیوں کے پاکستانی معیشت میں کردار کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہاکہ وہ پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں اورسرمایہ کاری کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔