X

Punjab Ads – Smartest way of Business Marketing

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ایک اور درخواست دائر

سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کا نام ایک آڈیو لیک میں سامنے آنے کے بعد ان کے خلاف مسلم لیگ (ن ) نے سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) میں شکایتی درخواست دائر کردی۔

جسٹس مظاہر نقوی کےخلاف درخواست پاکستان مسلم لیگ (ن) لائرز فورم پنجاب کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، شکایت جنرل سیکریٹری مسلم لیگ (ن) لائرز فورم زاہد حسین نے جمع کرائی، درخواست میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر ججوں کے ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزیوں کا الزام لگایا گیا ہے۔

آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت دائر کردہ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق اعلیٰ عدالت کے جج کے حلف کے لیے ضابطہ اخلاق کی سختی سے تعمیل کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ اس ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی مس کنڈیکٹ کارروائی کا باعث بن سکتی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جسٹس مظاہر ’مس-کنڈکٹ‘ کے مرتکب ہوئے، اس لیے سپریم جوڈیشل کونسل ان کے خلاف کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 23 فروری کو بھی لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر کے ان کے اثاثوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

شکایت گزار میاں داؤد نے سپریم جوڈیشل کونسل سے سپریم کورٹ کے جج کے خلاف آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت کارروائی شروع کرنے کی درخواست کی تھی۔

ریفرنس میں الزام لگایا گیا ہے کہ جج نے اپنے بیٹوں اور بیٹی کی بیرون ملک تعلیم اور ایک تاجر زاہد رفیق سے ’مالی فائدہ‘ حاصل کرنے کے لیے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کیا۔

درخواست گزار میاں داؤد نے مزید کہا کہ ’جج، پی ٹی آئی اور اس کے رہنما عمران خان کے ساتھ اپنے تعلقات کو کھلے عام ظاہر کرتے ہیں‘۔

میاں داؤد نے کہا کہ وہ اپنی ذاتی رنجشوں کی وجہ سے دوسری سیاسی جماعتوں کے خلاف خطرناک ہونے کا دعویٰ بھی کرتے ہیں۔

شکایت گزار کے مطابق ’سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نجی گفتگو کے دوران اعتراف کیا ہے کہ جسٹس مظاہر علی نقوی پی ٹی آئی کی حمایت کرتے ہیں‘۔

ساتھ ہی میاں داؤد نے ایک لیک ہونے والی آڈیو گفتگو کا ٹرانسکرپٹ جمع کرایا، جس میں مبینہ طور پر جسٹس مظاہر نقوی اور پرویز الٰہی کے درمیان گفتگو ہوئی تھی۔

 

Ahsan MuGhaL: Hi, This is Ahsan Mughal CEO at Google Gangs belongs to Narowal, Pakistan. I work as a Blogger, Youtuber, Graphic Designer, Web Designer, Video Editor, Seo Expert, etc having experience more than 5 years.

This website uses cookies.