پاکستانی خبریں

پیپلز پارٹی کی پنجاب میں عام انتخابات کے لیے ٹکٹوں کے اجرا کے لیے ’ممکنہ‘ امیدواروں سے درخواستیں طلب

پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخابات کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور پنجاب میں عام انتخابات کے لیے ٹکٹوں کے اجرا کے لیے ’ممکنہ‘ امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق پنجاب میں 30 اپریل کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔

 

پیپلزپارٹی نے پارٹی ٹکٹ کے خواہاں افراد سے کہا ہے کہ وہ 8 مارچ تک 30 ہزار روپے کے بینک ڈرافٹ کے ساتھ درخواستیں جمع کرائیں۔

یہ فیصلہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دو روزہ دورہ لاہور کے بعد کیا گیا، انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کے بغیر الیکشن میں اتر سکتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی پھپھو فریال تالپور نے بھی پنجاب میں پارٹی کے ڈویژنل صدور کو موزوں امیدواروں کی فہرستیں جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

فریال تالپور نے کہا کہ پنجاب میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا، اس لیے صرف مضبوط امیدواروں کو ہی الیکشن میں کھڑا کیا جانا چاہیے۔

گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی لاہور کے صدر اسلم گل نے کہا کہ ان کی پارٹی خاص طور پر لاہور میں مضبوط امیدوار کھڑے کرے گی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی کو ہر حلقے میں 3 ’مضبوط‘ امیدوار دستیاب ہیں۔

Related Articles

Back to top button