پاکستانی خبریں

رانا ثنااللہ نے وارنٹ گرفتاری کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عدلیہ مخالف بیان بازی سے متعلق مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

عدلیہ کے خلاف بیان بازی کے الزام میں درج مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے خلاف رانا ثناء اللہ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ رانا ثناء اللہ کی درخواست پر آج سماعت کرے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ کی جانب سے سید فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوں گے۔

یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم حاضری پر رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

عدالت نے گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں رانا ثنا اللہ کے خلاف درج ایک مقدمے میں وفاقی وزیر داخلہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور پولیس کو انہیں 7 مارچ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت 5 اگست 2022 کو گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں (ق) لیگ کے مقامی رہنما شاہ کاز اسلم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں رانا ثناء اللہ پر چیف سیکرٹری اور ان کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔

 

Related Articles

Back to top button