الیکشن کمیشن نے ملک میں عام انتخابات کا اعلان کردیا
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن پاکستان نے مزید کہا کہ اس کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے بعد انتخابات جنوری 2024کے آخری ہفتے میں کروادیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت اور ان کی آرا کی روشنی میں حلقہ بندی کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے اس کے دورانیے کو کم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ حلقہ بندی کی حتمی اشاعت اب 30 نومبر 2023 تک کردی جائے گی۔
اگرچہ حلقہ بندی کی مدت میں کمی کے باوجود بھی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 روز کے اندر انتخابات کے انعقاد سے متعلق آئینی شق کی خلاف ورزی ہوگی، تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے سامنے آنے والے اس اعلان سے انتخابات میں کئی ماہ تک کی تاخیر کے خدشات دم توڑ جائیں گے۔