ایم کیوایم میں لفظ ’بھائی‘ کے استعمال پرفاروق ستارکا دلچسپ تبصرہ
رہنما متحدہ قومی موومنٹ فاروق ستار حال ہی میں نجی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئے جس دوران میزبان تابش ہاشمی نے ان سے سیاسی سمیت مختلف اور دلچسپ موضوعات پر بھی سوال کیے۔
دوران شو تابش ہاشمی نے سوال کیا کہ کہ ایم کیو ایم لیڈرز میں ایسا کیا ہے جو ان کے ساتھ لفظ ’بھائی‘ لگانا لازمی ہوجاتا ہے ؟ اس پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایسا ہی ہے بلکہ ہماری پارٹی میں ایسا ہوچکا ہے کہ اکثر تو بیویاں بھی اپنے شوہروں کو بھائی کہنے لگی ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے بتایا کہ ہم نسرین جلیل کو نسرین جلیل باجی کہتے تھے تو لوگوں نے ان کے نام کے آگے بھی بھائی لگا کر ’نسرین جلیل باجی بھائی‘ کہنا شروع کردیا ، بھائی دراصل ایک صیغہ ہے اور دو کارکنوں کے درمیان بھائی کاتعلق برابری کی بنیاد پر ہے کیوں کہ چاچا بھتیجا کا تعلق برابری نہیں ہے لیکن بھائی کا تعلق برابری کا ہے۔
الیکشن میں اگلا وزیراعظم کسے دیکھتے ہیں کے سوال پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ الیکشن ایک نہ ایک دن ضرور ہونے ہیں، جیسے جانداروں کے لیے آکسیجن اور مچھلی کے لیے پانی ضروری ہے، ہم سیاست دانوں کے زندہ رہنے کے لیے الیکشن بہت ضروری ہے، میری خواہش ہوگی کہ بلاول بھٹو زرداری کے فارم ہاؤسز اور کھیتوں میں کام کرنے والے ہاری (کسان) کا بیٹا وزیراعظم بن جائے یا پی پی پی کا کوئی کارکن وزیراعظم بن جائے یا پھر میری خواہش ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی انڈسٹریز میں کام کرنے والا کوئی ملازم وزیر اعظم بن جائے جو پڑھا لکھا ہو اور سیاسی سوجھ بوجھ بھی رکھتا ہو۔
فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ میری خواہش ہے کہ عوام میں سے کوئی وزیراعظم بن کر سامنے آئے۔