پاکستانی خبریں

خاور مانیکا کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

سینئر سول جج ابرار علی خان نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) کی درخواست پر خاور مانیکا کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، جنہیں اوکاڑہ اے سی ای کی جانب سے درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر حسن رضا کاظمی نے کیس کی مزید تحقیقات کے لیے 13 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی لیکن جج نے 8 روزہ ریمانڈ کی منظوری دی۔

عدالت نے تحقیقاتی افسر کو حکم دیا کہ خاور مانیکا کو 4 اکتوبر کوعدالت میں پیش کیا جائے۔

شام میں خاور مانیکا کی جانب سے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے لیے درخواست دائر عدالت نے خارج کردی۔

خاور مانیکا، ان کے دو بیٹوں ابراہیم، موسیٰ اور تین دیگر افراد کے خلاف کرپشن کیس میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل (25 ستمبر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سرکاری رقبے پر ناجائز تعمیرات کے الزام میں لاہور سے گرفتار کر کے عدالت سے ایک روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کرلیا تھا۔

ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا تھا کہ خاور فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر انکوائری کر رہے ہیں، انہیں سرکاری رقبے پر ناجائز تعمیرات کے الزام پر گرفتارکر لیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈی سی ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ خاور مانیکا نے قبرستان کی جگہ پر غیر قانونی طور پر شادی ہال تعمیر کیا، اور غیر قانونی طور پر 26 دکانیں بھی تعمیر کیں۔

مزید کہا تھا کہ شادی ہال بغیر منظوری/ نقشہ قبرستان کی 4 کنال اراضی پر بنایا گیا، خاور فرید مانیکا ایک عرصے سے پیر اسلام قبرستان حویلی لکھا کی زمین پر ناجائز قابض ہیں۔

ترجمان نے بتایا تھا کہ خاورفرید مانیکا کی گرفتاری کے لیے وارنٹ 14 ستمبر کو جاری ہوئے، انہیں لاہور سے گرفتار کیا گیا۔

Related Articles

Back to top button