پاکستانی خبریں

خیبرپختونخوا حکومت نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ منعقد کرنے کی منظوری دیدی

خیبرپختونخوا کابینہ نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ منعقد کرنے کی منظوری دے دی۔ خیبر پختون خوا کابینہ کا اجلاس نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگران کابینہ اراکین، چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس کے لیے تین نکاتی ایجنڈا تیار کیا گیا۔

اجلاس میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا، کابینہ نے ٹیسٹ خیبرپختونخوا میڈیکل یونیورسٹی کے زیرانتظام کرانے کی منظوری دی ہے۔ کابینہ نے طے کیا کہ چھ ہفتے میں اس ٹیسٹ کا انعقاد ہوگا، اس بار یہ ٹیسٹ ایٹا کے بجائے خیبر میڈیکل یونیورسٹی منعقد کرائے گی۔

اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ کابینہ میں اہم فیصلے ہوئے، یہ ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے گا، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی کو وزیراعلی چئیر کریں گے، ٹیسٹ میں نقل کے حوالے سے دو بھائی مرکزی کردار تھے ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، کابینہ میں یہ سفارشات بھی پیش کی گئیں کہ بچوں کے والدین کو بھی پکڑا جائے، ایم ڈی کیٹ اسکینڈل 2 سے ڈھائی ارب روپے کا معاملہ ہے۔

نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ بہتر مواقع نہ ہونے کی وجہ سے لوگ بیرون ملک جا رہے ہیں، ایپکس کمیٹی میں اہم فیصلے ہوئے، آرمی چیف کے ساتھ 5 سے 6 گھنٹے امن و امان کی صورتحال پر میٹنگ ہوئی، ڈالر، گولڈ، اسمگلنگ کے معاملے پر تفصیلی بات ہوئی، بھاری مقدار میں ڈالرز اور چالیس ہزار ٹن چینی پکڑی گئی، بھتے کے کیسوں کے خلاف ونگ بنایا ، 145 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ، 124 پکڑے گئے ، 13 بھتہ خور گروہ گرفتار کیے۔

انہوں نے بتایا کہ نفرت انگیز مواد پھیلانے والی 450 سائٹس کو بند کیا گیا، اسلحہ لائسنس کو سخت کرنا، 9 ارب کی فرانزک لیب پر کام مکمل کرنے پر زور دیا، ہنڈی و حوالے سے متعلق ایپکس کمیٹی میں سخت فیصلے ہوئے، غیر قانونی سمز سے دہشت گردوں کو معاونت مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کام ہے، آئندہ دنوں میں دہشت گردوں کے خلاف بڑا آپریشن ہوگا، اگر افغان کرنسی بہتر ہوگئی ہے تو غیر قانونی افغان مہاجرین واپس چلے جائیں کسی بھی صورت غیر قانونی طور پر مقیم باشندوں کو یہاں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Related Articles

Back to top button