کھیلوں کی خبریں

فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر: تاجکستان نے پاکستان کو 1-6 سے شکست دے دی

فیفا ورلڈکپ کوالیفائر راؤنڈ ٹو ایشیا میں گروپ جی کے میچ میں تاجکستان نے اہم میچ میں پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے ہرادیا۔

اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں 193ویں پوزیشن کی پاکستان اور 109 پوزیشن پر موجود تاجکستان کے درمیان ہونے والے مقابلے کے پہلے ہاف میں تاجکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

تاجکستان نے پہلا گول 9ویں منٹ میں بنایا جب کومولوف نے گیند کو جال میں پہنچایا جبکہ 5 منٹ بعد سوئروف کے گول نے برتری دگنی کردی۔

پاکستان نے 21ویں منٹ میں تاجکستان کا خسارہ کم کیا جب رئیس نبی کے خوبصورت گول نے اسکور 1-2 کردیا۔

اس مقام پر دونوں ٹیموں کی جانب سے کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جانے لگی تھی کہ تاجکستان نے اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے پاکستانی ڈیفنس کو چکما دے کر پہلے ہی ہاف میں مزید دو گول بنا کر اسکور 1-4 کردیا۔

دوسری ہاف میں قومی ٹیم نے نسبتاً جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور تاجکستان کے گول پر حملہ کرنے کی بھی کوششیں کیں، لیکن تاجک دفاعی لائن کو توڑ کر گول بنانے میں ناکام رہے۔

پاکستان ٹیم نے دوسرے ہاف میں نسبتاً بہتر دفاع کا مظاہرہ کیا جہاں دوسرے ہاف کے 45ویں منٹ تک تاجکستان کے کھلاڑی صرف ایک ہی گول کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ یہ گول میچ کے 66ویں منٹ میں کومولوف نے بتایا۔

قومی ٹیم کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سعودی عرب کے خلاف میچ کی طرح اضافی وقت میں کمزور کھیل کا مظاہرہ کیا گیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سمیوف نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اسکور 1-6 کردیا جو آخری سیٹی تک برقرار رہا۔

واضح رہے کہ گروپ اسٹیج کے پہلے میچ میں سعودی عرب نے پاکستان کو 0-4 سے ہرایا تھا۔

Related Articles

Back to top button