بھارتی بیٹر جنہوں نے حال ہی میں ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سنچری اسکور کر کے ایک روزہ میچوں کی نصف سنچری مکمل کی ہے۔ اس وقت ان کی تمام فارمیٹس میں سنچریوں کی تعداد 80 ہے جب کہ ان سے آگے صرف ان کے ہم وطن لیجنڈری سابق کپتان سچن ٹنڈولکر ہیں جنہوں نے سنچریوں کی سنچری یعنی 100 سنچریاں بنا رکھی ہیں اور کوہلی کو ان کا ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید 21 سنچریوں کی ضرورت ہے۔
تاہم کرکٹ کے لیجنڈ اور ریکارڈ ساز سابق ویسٹ انڈین کرکٹر برائن لارا کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی بیٹنگ میں مزید کئی کارنامے انجام دے سکتے ہیں لیکن ان کا ٹنڈولکر کا 100 سنچریوں کا ریکارڈ توڑنا بہت مشکل ہوگا۔
غیر ملکی کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو میں لارا کا اپنی اس پیشگوئی کے حق میں جواز پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوہلی کی عمر اس وقت 35 سال ہے اور اگر وہ چار سال مزید کھیلتے ہیں تو انہیں ہر سال کم از کم پانچ سنچریاں اسکور کرنا ہوں گی جو بہت مشکل ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ ان کے اس خیال کی مخالفت کریں گے اور کہیں گے کہ کوہلی ٹنڈولکر کی 100 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیں گے تو وہ کرکٹ کی منطق کو مدنظر نہیں رکھیں گے کیونکہ عمر کسی کے لیے رُکتی نہیں ہے۔
تاہم لارا نے یہ بھی کہا کہ ان کے پیارے دوست ٹنڈولکر کے قائم کردہ یادگار ریکارڈ کے قریب تر اگر کوئی پہنچ سکتا ہے تو وہ صرف ویرات کوہلی ہی ہوں گے۔
برائن لارا کا کہنا تھا کہ وہ ویرات کوہلی کے نظم و ضبط اور کھیل سے لگن کا بہت بڑا مداح ہوں۔ جس طرح وہ اپنا سب کچھ دے کر میچ کی تیاری کرتا ہے تو آپ ان کے مداح کیسے نہیں بنیں گے۔ میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں، اگر وہ ٹنڈولکر کی طرح 100 سنچریاں بنا سکے تو میں بہت خوش ہوں گا۔