کھیلوں کی خبریں

کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح کے لیے 166 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح کے لیے 166 رنز کا ہدف دیا ہے۔

کراچی میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز کی اننگز کی ابتدا کچھ اچھی نہ تھی اور 17 کے مجموعے پر ٹم سیفرٹ صرف 8 رنز بنانے کے بعد اسٹمپ ہو کر عماد وسیم کی وکٹ بن گئے۔

کپتان شان مسعود کا ساتھ دینے لیوس ڈی پلوئے آئے اور دونوں نے مل کر دوسری وکٹ کے لیے 40 رنز جوڑتے ہوئے اسکور کو 57 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر پلوئے کی 15 گیندوں پر 24 رنز کی باری اختتام کو پہنچی۔

اسکور ابھی 73 تک ہی پہنچا تھا کہ کراچی کنگز کو دوہرا دھچکا لگا اور 27 رنز بنانے والے کپتان شان مسعود کے ساتھ ساتھ شعیب ملک بھی پویلین لوٹ گئے۔

محمد نواز کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ بھی صرف 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔

اس مشکل مرحلے پر کیرون پولارڈ کا ساتھ دینے عرفان خان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے آخری 7 اوورز میں 76 رنز کی ساجھے داری بنائی۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے، پولارڈ نے 28 گیندوں پر 48 اور عرفان نے 22 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم، نسیم شاہ، آغا سلمان اور حنین شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 

Related Articles

Back to top button