چیمپئنز ٹرافی 2025 سے متعلق بڑی خبر آگئی
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈرافٹ شیڈول میں بھارت کے میچز لاہور میں کرانے کی تجویز دی ہے تاہم بھارت سمیت چند ٹیموں کے میچز کی تاریخوں میں ردوبدل ہوسکتا ہے۔
آئی سی سی کا وفد آئندہ ہفتے پاکستان آمد پر پی سی بی حکام کو فیصلے سے متعلق آگاہ کرے گا، آئی سی سی وفد میں شعبہ ایونٹس، پروڈکشن اور سیکیورٹی ماہرین شامل ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے متبادل پلان بھی تیار کررکھا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو تاحال حکومت سے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں ملی۔
تاہم آئی سی سی کو آئندہ ایک ہفتے میں بھارت کی جانب سے مثبت پیش رفت کی امید ہے، بھارت کے علاوہ دیگر 7 ممالک نے پاکستان میں کھیلنے کی رضامندی ظاہر کر رکھی ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان تقریب کے ذریعے کیا جائے یا صرف سوشل میڈیا چینلز پر کیا جائے گا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔
عام طور پر آئی سی سی ٹورنامنٹ کے آغاز سے 3 یا 4 ماہ پہلے شیڈول کا اعلان کرتا ہے، مینز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے شیڈول کا اعلان 4 ماہ پہلے جنوری میں کیا گیا، اسی طرح، مینز ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے شیڈول کا اعلان 3 ماہ پہلے جون میں ہوا تھا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں میزبان پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں۔