کھیلوں کی خبریں

بھارتی میڈیا کے ذریعے ٹیم کے پاکستان نہ جانیکی خبروں پروکرانت گپتا نے کیا کہا؟

اسپورٹس کے معروف بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے حوالے سے چند انکشافات کیے ہیں۔

نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وکرانت گپتا نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے ہی لڑائی لڑی جارہی تھی، اگر سمجھ رہے ہیں کہ آج منع کیا گیا ہے تو وہ غلط ہے، کسی بھی اسٹیج پر ایسا نہیں لگتا تھا کہ انڈیا جائے گاکیوں کہ یہ بات بی سی سی آئی کے ہاتھ میں نہیں تھی بلکہ یہ سب بھارتی حکومت کے ہاتھ میں ہے۔

بھارتی صحافی نے کہا کہ آئی سی سی ٹورنامنٹ جس ملک میں ہوتا ہے وہا ں پر سب جاتے ہیں مگر انڈیا اور پاکستان کے حالات تھوڑے مختلف تھے، ایسا نہیں ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کوآفیشلی آج آگاہ کیا گیا ہے۔

وکرانت گپتا کے مطابق انڈین میڈیا کے ذریعے خبر دینے کا مقصد یہ تھا کہ پاکستان کو ذہنی طور پر تیار کردیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جارہی ہے،حکومت نے میڈیا کے ذریعے یہ بات پاکستان تک پہنچائی۔

اس دوران سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اگر سکیورٹی کا بہانہ بنائیں گے تو ان کے پاس ٹھوس حقائق نہیں ہیں، اگر آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور انگلینڈ پاکستان کھیلنے آرہی ہیں تو انڈیا کو مضبوط گراؤنڈ بنانا پڑے گا۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا میں رپورٹ کیا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آئے گی، میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کو تیار ہے مگر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائےگی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا کوئی خط نہیں ملا، اگر نہ آنے کا تحریری پر طور پر بتایا گیا تو حکومت کے پاس جاؤں گا، ہم چیمپئنز ٹرافی کےلیے اپنی تیاریاں جاری رکھیں گے۔

Related Articles

Back to top button