لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کے دورے کے موقع صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کوئی کام تحریری ہوئے بغیر نہیں کرتے، اگر کوئی مکرے گا تو دیکھیں گے کہ کیسے مکر سکتا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول طے ہونے سے متعلق سوال پر محسن نقوی کا کہنا تھا بس تھوڑا صبر کریں سب سامنے آ جائے گا۔
ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی ملنے سے متعلق سوال پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا ابھی دیکھیں کیا سامنے آتا ہے، بہت جلد چیزیں سامنے ہوں گی۔
ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی کا کہنا تھا چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا، چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے جو بھی ہوگا پاکستان کے لیے بہتر ہو گا۔
دوسری جانب غیر ملکی کرکٹ ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے مماملات طے پا گئے ہیں، چیمپئنز ٹرافی سمیت 2027 تک پاکستان اور بھارت اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیوٹرل وینیو کولمبو یا ڈھاکہ ہو سکتے ہیں لیکن اس کا فیصلہ میزبان پاکستان کو کرنا ہے اور پاکستان کو ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2029 کی میزبانی بھی ملے گی۔