X

Punjab Ads – Smartest way of Business Marketing

چیمپئنز ٹرافی، بھارت کے میچز کیلئے نیوٹرل وینیو فائنل

پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کے لیے دبئی کو فائنل کیا گیا، جہاں پاک بھارت ٹاکرا بھی ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرکٹ بورڈ کے سربراہ نیہان المبارک کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں وینیو طے کیا گیا۔

دونوں کرکٹ بورڈ کے سربراہان کی ملاقات گھوٹکی کے ایک خیمے میں ہوئی، پی سی بی اور آئی سی سی کی جانب سے وینیو کا باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق چیمپینز ٹرافی میں بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں ہوں گے جب کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا بھی 23 فروری کو دبئی میں ہوگا۔

گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم 15 جنوری تک مکمل تیار ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیوٹرل وینیو آج فائنل کرلیں گے، پاکستان اور بھارت اگلے 3 سال تک نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا ممکنہ شیڈول بھی گزشتہ روز ہی سامنے آیا تھا جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا، بھارت کے فائنل میں نہ پہنچنے کی صورت میں میچ پاکستان میں ہوگا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا جب کہ ایونٹ کا سب سے بڑا پاک-بھارت مقابلہ 23 فروری کو نیوٹرل مقام پر ہوگا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل آئی سی سی نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے 2027 تک تمام ایونٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرانے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2028 کا ویمنز ٹی20 ورلڈکپ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان میں ہوگا۔

اعلان کے مطابق 2027 تک پاکستان بھارت کا دورہ نہیں کرے گا اور بھارتی کی میزبانی میں ہونے والے تمام ایونٹس میں پاکستان کے میچز بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی نے یہ بھی کہا تھا کہ اسے بھارت، پاکستان اور ایک تیسرے ایشیائی رکن ملک یا (ایک ایسوسی ایٹ ایشیائی ملک) کو شامل کرکے کسی نیوٹرل مقام پر سہ فریقی یا چار ملکی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی کوئی اعتراض نہیں۔

پس منظر

یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

Ahsan MuGhaL: Hi, This is Ahsan Mughal CEO at Google Gangs belongs to Narowal, Pakistan. I work as a Blogger, Youtuber, Graphic Designer, Web Designer, Video Editor, Seo Expert, etc having experience more than 5 years.

This website uses cookies.