چیمپئنز ٹرافی: انگلینڈ نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا
ایونٹ کے لیے انگلش کرکٹ ٹیم کے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں اسٹار بیٹر جوروٹ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس انجری کے باعث اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
انگلش ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں جوس بٹلر (کپتان)، جوفرا آرچر، گس ایٹکنسن، جیکب بیتھل، ہیری بروک برائیڈن کارس، بین ڈکٹ، جیمی اوورٹن، جیمی اسمتھ، لیام لیونگ اسٹون، عادل رشید، جو روٹ، ثاقب محمود، فل سالٹ اور مارک ووڈ شامل ہیں۔
پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی جہاں وہ تین ایک روزہ اور پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔
قبل ازیں پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کے لیے دبئی کو فائنل کیا گیا ہے جہاں پاک بھارت ٹاکرا بھی ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرکٹ بورڈ کے سربراہ نیہان المبارک کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں وینیو طے کیا گیا۔
دونوں کرکٹ بورڈ کے سربراہان کی ملاقات گھوٹکی کے ایک خیمے میں ہوئی، پی سی بی اور آئی سی سی کی جانب سے وینیو کا باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل آئی سی سی نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے 2027 تک تمام ایونٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرانے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2028 کا ویمنز ٹی20 ورلڈکپ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان میں ہوگا۔
اعلان کے مطابق 2027 تک پاکستان بھارت کا دورہ نہیں کرے گا اور بھارتی کی میزبانی میں ہونے والے تمام ایونٹس میں پاکستان کے میچز بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی نے یہ بھی کہا تھا کہ اسے بھارت، پاکستان اور ایک تیسرے ایشیائی رکن ملک یا (ایک ایسوسی ایٹ ایشیائی ملک) کو شامل کرکے کسی نیوٹرل مقام پر سہ فریقی یا چار ملکی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی کوئی اعتراض نہیں۔