پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شائقین اپنے ووٹ کے ذریعے گزشتہ ایڈیشنز میں بہترین پرفارمنس والے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔
فینز چوائس ایوارڈ کے لیے 6 کیٹگریز بنائی گئی ہیں جن میں بہترین بیٹر، بہترین باؤلر، بہترین آل راؤنڈر، سب سے قیمتی کھلاڑی، بہترین انفرادی باؤلنگ پرفارمنس اور بہترین انفرادی بیٹنگ پرفارمنس شامل ہیں۔
ایوارڈ کے لیے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کا اعلان 11 جنوری کو پی ایس ایل ڈرافٹ کی تقریب میں ہوگا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفسر (سی ای او) سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ’ایونٹ کی کامیابی شائقین کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتی تھی، ’فین چوائس ایوارڈ شائقین کے جوش و جذبے اور لگن کو سراہنے کا ہمارا طریقہ ہے، اس ایوارڈ کے ذریعے ہم انہیں اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور لمحات کو سراہنے کا پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔‘
خیال رہے کہ چند روز قبل پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے ایونٹ کے پلیئرز ڈرافٹ اعلان کے لیے وینیو کا اعلان کیا گیا تھا، ٹورنامنٹ کا ڈرافٹ 11 جنوری 2025 کو بلوچستان کے شہر گوادر میں ہوگا۔
واضح رہے کہ 2016 سے اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کی تین بار چیمپئن بن چکی ہے، جس میں لیگ کا افتتاحی ایڈیشن (2016) تیسرا (2018) اور آخری ایڈیشن (2024) شامل ہے۔
اس کے علاوہ لاہور قلندرز 2022 اور 2023 میں دو بار جیت چکی ہے، پشاور زلمی 2017 کے ایڈیشن کی چیمپئن رہی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2019 کا ایڈیشن جیتا جب کہ کراچی کنگز نے 2020 میں پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا، 2021 میں ملتان سلطانز فاتح بن کر ابھری۔