X

Punjab Ads – Smartest way of Business Marketing

آئی سی سی نے آخرکار چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق چمپئینز ٹرافی 2025 کے میچز کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہوگا، ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے ہوگا جب کہ اختتام 9 مارچ کو ہوگا۔

آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روائتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

اس کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ 27فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، اس کے علاوہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ 20 فروری کو یو اے ای میں شیڈول ہے۔

آئی سی سی نے بتایا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی 21 فروری کو افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے میچ کی میزبانی کرے گا، چمپئینز ٹرافی کے بڑے مقابلے میں 22 فروری کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لاہور میں ٹکرائیں گی اور بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں 24 فروری کو راولپنڈی میں مد مقابل ہوں گی۔

اس میں بتایا گیا کہ آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ کے درمیان میچ 25 فروری کو راولپنڈی میں ہوگا، افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے مقابلے کا انعقاد 26 فروری کو لاہور ہوگا، 28 فروری کو آسٹریلیا اور افغانستان لاہور جبکہ یکم مارچ کو انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کراچی میں مد مقابل ہوں گے۔

آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق انڈیا کا نیوزی لینڈ سے مقابلہ 2 مارچ کو یو اے ای میں ہوگا، پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو یو اے ای اور دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو لاہو میں ہوگا۔

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے کہا کہ 5 مارچ پہلے سیمی فائنل اور 6 مارچ دوسرے سیمی فائنل کے لیے بطور ریزرو ڈیز مختص کیا گیا ہے۔

شیڈول میں کہا گیا کہ بھارت کے 3 لیگ میچز ، ایک سیمی فائنل اور فائنل یو اے ای میں کھیلا جائے گا، چمپیینز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو لاہور یا یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق انڈیا کے فائنل میں نہ پہنچنے کی صورت میں فائنل 9 مارچ کو لاہور میں ہو گا، 10 مارچ فائنل کے لیے ریزرو دن کے طور پر مختص کیا گیا ہے۔

طے شدہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان بھی بھارت میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلا گا۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو نیوٹرل وینیو کے طور پر چن لیا تھا جہاں بھارت کے چیمپینز ٹرافی 2025 کے میچز ہوں گے۔

آئی سی سی نے گزشتہ ہفتے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے 2027 تک تمام ایونٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرانے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2028 کا ویمنز ٹی20 ورلڈکپ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان میں ہوگا۔

اعلان کے مطابق 2027 تک پاکستان بھارت کا دورہ نہیں کرے گا اور بھارتی کی میزبانی میں ہونے والے تمام ایونٹس میں پاکستان کے میچز بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی نے یہ بھی کہا تھا کہ اسے بھارت، پاکستان اور ایک تیسرے ایشیائی رکن ملک یا (ایک ایسوسی ایٹ ایشیائی ملک) کو شامل کرکے کسی نیوٹرل مقام پر سہ فریقی یا چار ملکی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی کوئی اعتراض نہیں۔

پس منظر

یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

Ahsan MuGhaL: Hi, This is Ahsan Mughal CEO at Google Gangs belongs to Narowal, Pakistan. I work as a Blogger, Youtuber, Graphic Designer, Web Designer, Video Editor, Seo Expert, etc having experience more than 5 years.

This website uses cookies.