پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل نیولینڈز میں کھیلا جائے گا جس کے لیے میزبان ٹیم نے پلیئنگ الیون کا اعلان کیا ہے۔
جنوبی افریقا کو پاکستان کے خلاف سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، سنچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
میزبان ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، اوپنر ٹونی ڈی زورزی، کوربن بوش، ڈین پیٹرسن کی جگہ کیشو مہاراج، ویان ملڈر اور کوینا ماپھاکا کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بوش اور ڈین پیٹرسن نے پاکستان کے خلاف کامیابی اہم کردار ادا کیا تھا۔
پیٹرسن نے پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ بوش نے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے ساتھ 4 شکار بھی کیے تھے۔
اوپنر زورزی دونوں اننگز میں صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے، ایڈن مرکرام اور ریان رکیلٹن اننگز کا آغاز کریں گے۔
مڈل آرڈر میں کپتان ٹمبا باووما، ٹرسٹن اسٹبس، ڈیوڈ بیڈنگھم اور وکٹ کیپر بیٹر کیل ویرینے شامل ہیں، فاسٹ بولر میں کاگیسو ربادا، مارکو جنسن، ماپھاکا شامل ہیں۔
جنوبی افریقا پلیئنگ الیون
جنوبی افریقا کی ٹیم میں کپتان ٹمبا باووما، ایڈن مرکرام، ریان رکیلٹن، ویان ملڈر، ٹرسٹن اسٹبسم ڈیوڈ بیڈنگھم، کیل ویرینے، مارکو جنسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور کوینا ماپاکھا شامل ہیں۔