پاکستانی بلے باز فخر زمان نے وائپر وائسز پوڈکاسٹ کو انٹرویو میں بتایا کہ وہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کھیلنے کیلئے 100 فیصد پرامید ہیں اور پوری محنت سے ٹورنامنٹ کی تیاری کر رہے ہیں۔
فخرزمان نے کہا کہ فی الحال انکا پورا فوکس چیمپئنز ٹرافی پر ہے، اسی لیے وہ آسٹریلیا اورجنوبی افریقا میں نہیں کھیلے، انکی توجہ صرف چیمپئنز ٹرافی کیلئے خود کو دستیاب بنانے اور ٹورنامنٹ کے لیے مکمل فٹ ہونے پر ہے۔
فخر زمان نے کہا کہ وہ T20 ورلڈ کپ کے بعد بیماری اور فٹنس مسائل کے سبب ٹیم کا حصہ نہیں تھے لیکن اب وہ 100 فیصد ٹھیک ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سلیکٹرز، ہیڈ کوچ سے بات کی اور ہر کوئی چاہتا تھا کہ میں چیمپئنز ٹرافی میں کھیلوں، آپ مجھے پاکستان کی آئندہ وائٹ بال سیریز میں دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ فخر زمان نے جون 2024 میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی انہوں نے اپنا خری ون ڈے 2023 کے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا۔
فخر زمان نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں بھارت کے خلاف 114 رنز کی شاندار اننگز کھیل کرپاکستان کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
فخر زمان نے 22 سالہ اوپنر صائم ایوب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایوب نے اپنے ون ڈے کیریئر کا شانداز آغاز کیا ہے، نو اننگز میں تین سنچریاں اور ایک ففٹی، جس میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا میں سنچریاں شامل ہیں۔ امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔
فخرزمان نے مزید کہا کہ صائم اتنا زبردست کھلاڑی ہے کہ اگر وہ اگلے چار پانچ سال تک کھیلتا رہا تو وہ دنیا کے ٹاپ تھری کھلاڑیوں میں شامل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کے تین بہترین کھلاڑی بابر اعظم، محمد رضوان اور صائم ایوب ہیں، اس لیے کبھی کبھی میں ٹیم میں شامل ہونا اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں۔