قومی انڈر 19وومن ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کھیلنے ملائیشیا پہنچ گئی
کوالالمپور ایئرپورٹ پر موجود پاکستانیوں نے قومی ٹیم کو دیکھ کر پاکستان زندہ باد کے پر جوش نعرے لگا کر ٹیم کا استقبال کیا، آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں صرف 7 روز باقی ہیں۔
انڈر 19 قومی ویمن ٹیم کی کپتان کومل خان نے کہا کہ ٹیم پوری تیاری کے ساتھ آئی ہے اور کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے، گروپ میچ جیتنے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔
ہیڈ کوچ محسن کمال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پلیئرز پر بہت محنت کی گئی ہے، پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں ایشیا کپ سے مختلف نظر آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم آج آرام کرے گی۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 18 جنوری سے 2 فروری تک ملائشیا میں کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم گروپ بی میں شامل ہے، جس میں انگلینڈ، آئرلینڈ اور امریکا کی ٹیمیں بھی موجود ہیں۔
پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 18 جنوری کو امریکا کے خلاف کھیلے گی، پاکستان کا دوسرا میچ 20 جنوری کو انگلینڈ اور تیسرا میچ 22 جنوری کو آئرلینڈ کے خلاف ہوگا۔