حسن علی نے بھارتی لڑکی سامعہ آرزو سے اگست 2019 میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں شادی کی تھی اور اب دونوں کو دو بچے بھی ہیں۔
حال ہی میں حسن علی نے نجی ٹی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔
کرکٹر نے بتایا کہ پہلی بار وہ اپنی اہلیہ سے دبئی میں ہی ملے تھے اور ان کے ایک مشترکہ دوست نے دونوں کی ہوٹل میں ملاقات کروائی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی ملاقات کے وقت ان کا بھارتی لڑکی سے شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن بعد میں ان کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا تو دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔
حسن علی کے مطابق دو مختلف ممالک کے افراد کی آپس میں شادی آسان فیصلہ نہیں تھا اور پاکستان اور بھارت سے تعلق ہونے کی وجہ سے ان کی شادی مزید مشکل میں پڑ سکتی تھی، اس لیے انہوں نے شادی سے پہلے ہی کافی غور کیا۔
انہوں نے بتایا کہ شادی سے قبل یہی فیصلہ کیا گیا تھا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے بجائے کسی تیسرے ملک میں رہیں گے لیکن پھر مذکورہ فیصلے کو بھی تبدیل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چوں کہ وہ کرکٹر تھے، اس لیے ان کے لیے تیسرے ملک یعنی دبئی میں ہر وقت رہنا مشکل تھا، اس لیے پاکستان میں رہنے کا فیصلہ کیا گیا۔
حسن علی نے شادی کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی اہلیہ کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے دبئی میں اپنی فضائی کمپنی (ایماریٹس ایئرلائن) کی ملازمت چھوڑی اور ان کے ساتھ پاکستان منتقل ہوگئیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کی اہلیہ کے پاس اب بھی بھارت کی شہریت ہے لیکن وہ اب ان کے ہمراہ پاکستان میں ہی مقیم ہیں۔