کھیلوں کی خبریں

پی سی بی نے ایک بار پھر بھارتی کرکٹ بورڈ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا

بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے انڈین ٹیم کی جرسی پر میزبان ملک پاکستان کا نام نہ لکھوانے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعتراض کے بعد گھٹنے ٹیک دیے۔

گزشتہ دنوں سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئینز ٹرافی کیلئے مبینہ طور پر ٹیم کی جرسی پر ‘پاکستان’ (میزبان ملک کا نام) چھاپنے پر اعتراض اٹھایا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی ٹیم چونکہ اپنے میچز دبئی میں کھیلے گی اس لیے وہ ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا نام لکھنے کی خواہاں نہیں ہے۔

تاہم آئی سی سی نے مبینہ طور پر بھارتی بورڈ کو پیغام دیا تھا کہ وہ اپنے میچز چاہے کہیں بھی کھیلے لیکن وہ بھارتی ٹیم کی کٹ پر ‘پاکستان’ کا نام لکھنے کا پابند ہے کیونکہ پاکستان ہی ٹورنامنٹ کا اصل میزبان ہے۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل لاگو ہونے کے بعد بھارتی ٹیم اپنے میچز دبئی میں کھیلے گی تاہم پاکستان ایونٹ کا میزبان ہے اور آئی سی سی قوانین کے تحت جو ملک میزبانی کررہا ہوتا ہے ایونٹ کی جرسی پر اس ملک کا نام درج ہوتا ہے لیکن بھارت یہاں بھی سیاست کرنے کی کوشش کررہا تھا اور ملک کے نام پرنٹ کرنے سے گریزاں تھا۔

ان خبروں کے سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جرسیوں پر پاکستان کا نام چھاپنے سے انکار کرکے ‘کرکٹ میں سیاست’ لانے کی کوشش کررہا ہے جب کہ اس کی جانب سے کیپٹنز میٹ اور افتتاحی تقریب کے دوران اپنے کپتان روہت شرما کو بھی پاکستان بھیجنے سے انکار کیا جارہا ہے تاکہ میزبان کا نام خراب کیا جاسکے۔

عہدیدار نے کہا تھا کہ اب جرسی پر ‘پاکستان’ (میزبان ملک کا نام) چھاپنے پر اعتراض صاف طور پر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش ہے جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

تاہم اب یہ خبرسامنے آئی ہے کہ پی سی بی کی جانب سے سخت رد عمل سامنے کے خدشے کے باعث بھارت اپنے اس متنازع مؤقف سے پیچھے ہٹ گیا ہے اور اس حوالے سے سیکریٹری بھارتی بورڈ کا اہم بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا کہ بھارتی ٹیم کی شرٹ پر بھی پاکستان کا نام والا لوگو لگے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکریٹری بھارتی بورڈ نے کہا کہ ہم آئی سی سی کی گائیڈ لائنز پر عمل کریں گے۔

واضح رہے کہ چہمپئنز ٹرافی کے معاملے پر گزشتہ چند ماہ سے بی سی سی آئی اور پی سی بی کے درمیان کافی تناؤ رہا ہے۔

پہلے بھارت نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے محروم کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا لیکن ناکامی کے بعد آخر میں سیکیورٹی کا بہانہ بناکر اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا۔

آخر کار اس معاملے پر ایک سمجھوتہ طے پایا تھا جس کے تحت بھارت کے میچز دبئی میں ہوں گے جبکہ مستقبل میں پاکستان ٹیم بھی آئی سی سی ایونٹ کیلئے بھارت کے بجائے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی۔

Related Articles

Back to top button