شعیب ملک نے 14 اکتبور 1999 میں ون ڈے کرکٹ کا آغاز کیا، دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 19 سالہ ون ڈے کیرئیر میں 287 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 34.55 کی اوسط سے 7 ہزار 534 رنز بنائے اور 158 وکٹیں حاصل کیں۔
شعیب ملک نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیرئیر میں 9 سنچریاں اور 44 نصف سنچریاں بنائیں، ان کا سب سے زیادہ اسکور 143 رنز تھا۔
بدقسمتی سے شعیب ملک کو ورلڈ کپ کا الوداعی میچ نہیں مل سکا، سابق کپتان نے اپنا آخری ون ڈے بھارت کے خلاف کھیلا جس میں وہ کوئی رنز بنائے بغیر آؤٹ ہو گئے تھے۔
شعیب ملک کا یہ آخری ورلڈ کپ تھا، وہ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان پہلے ہی کر چکے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم نے ورلڈکپ کے آخری میچ میں بنگلادیش کو شکست دی تاہم اس میچ میں شعیب ملک پلیئنگ الیون میں شامل نہ تھے۔ اس کے باوجود قومی ٹیم نے شعیب ملک کو میچ کے اختتام پر پرتپاک انداز میں رخصت کیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی شعیب ملک کو خراج تحسین پیش کیا۔