پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر عماد وسیم نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں میچ میں شکست کے بعد ہونے والی میٹنگ سرفراز احمد نے خود بلائی تھی اور اس میں ایسی کوئی بات ہی نہیں ہوئی جو میڈیا پر سامنے آتا رہا۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ سرفراز احمد نے بھارت کے ہاتھوں میچ میں شکست کے بعد خود میٹنگ بلائی اور کہا کہ ہم 15 لڑکے ہیں اور ہم نے ہی ٹیم کو اٹھانا ہے اور ٹورنامنٹ میں کم بیک کرنا ہے۔ لیکن اس میٹنگ کے حوالے سے میڈیا میں گروپنگ اور اس طرح کی چیزوں کی خبریں سامنے آئیں، حالانکہ وہاں تو ایسی کوئی بات ہی نہیں ہوئی تھی۔
آل راﺅنڈر نے کہا کہ سرفراز احمد نے میٹنگ میں کہا کہ میڈیا پر آنے والی تمام چیزوں کو نظرانداز کریں کیونکہ ہمیں اب اچھا کھیلنا ہے اور کم بیک کرنا ہے اور یہ میٹنگ ہی ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی جس کے بعد ٹیم نے واقعی کم بیک کیا اور اچھی کرکٹ کھیلی۔