میڈیا سے گفتگو میں پی سی بی چئیرمین احسان مانی نے کہا کہ اگر بورڈ غلط کام کرے گا تو تنقید ضرور ہوگی لیکن میری درخواست ہے کہ کرکٹرز بغیر تحقیق اور سوچے سمجھے بغیر تنقید نہ کریں۔
احسان مانی نے کہا کہ کچھ سابق کرکٹرز کا ایجنڈا ہے کہ وہ ہرصورت میں تنقید کرتے ہیں، نہ وہ ریسرچ کرتے ہیں اور نہ انہیں پڑھنے کا موقع ملتا ہے، مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہمارا میڈیا اور میڈیا پر بیٹھے ہوئے کرکٹرز حقائق کو چیک نہیں کرتے اپنی خبر کا ذہن بناتے ہیں اور جو سمجھ میں آتا ہے بولنا شروع کردیتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میں کسی پر تنقید نہیں کرتا لیکن اگر سابق کرکٹرز تحقیق کرکے ٹی وی پر بیٹھیں گے تو ان کی بات میں وزن ہوگا لیکن یہاں تو ماردو، نکال دو کی آوازیں بلند ہوتی ہیں اور بغیر تحقیق کے شور کیا جاتا ہے حالانکہ تنقید برائے اصلاح ہونی چاہئے۔