کھیلوں کی خبریں
آل راؤنڈر حفیظ نے کوچ وقار کا مشورہ مسترد کردیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس کا مشورہ مسترد کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ مکمل فٹ اور اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور پاکستان کی مزید نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر وقار یونس نے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کو مشورہ دیا تھاکہ ان کیلئے اب ریٹائر ہونا مناسب رہے گا لیکن محمد حفیظ ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتے جو ورلڈکپ کھیلنے کے بعد انگلینڈ سے وطن واپسی پر تمام وقت اہل خانہ کیساتھ گزار رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ نے کوچ سمیت اعلیٰ حکام پر واضح کر دیا کہ وہ مکمل فٹ اور اپنی کارکردگی سے بھی مطمئن ہیں، اس لئے ملک کی مزید نمائندگی کرنا چاہتے ہیں، البتہ ان کے مستقبل کا فیصلہ نئی سلیکشن کمیٹی ہی کرے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حفیظ اپنی کارکردگی میں عدم تسلسل کی وجہ بیٹنگ آرڈر میں مسلسل چھیڑ چھاڑ کو قرار دیتے ہیں۔ ایک نمبر پر نہ کھیلنے سے ان کی بیٹنگ متاثر ہوئی، بنگلہ دیش کیخلاف میچ سے قبل انھوں نے ٹیم مینجمنٹ سے اوپننگ کرانے کا بھی کہا تھا مگر ان کی بات نہیں مانی گئی۔