قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے کون سے دو ناموں پر غور ہو رہا ہے؟
ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ کے اختتام کے ساتھ قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف اور سلیکشن کمیٹی کے معاہدے کی مدت مکمل ہو چکی ہے اور اس میں بظاہر توسیع مشکل نظر آ رہی ہے۔ گزشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی اور مکی آرتھر کے درمیان لندن میں ملاقات ہوئی تو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے اپنے معاہدے میں توسیع کی خواہش ظاہر کی لیکن احسان مانی نے انہیں کسی بھی قسم کی یقین دہانی سے گریز کیا۔
اب مکی آرتھر اور بقیہ ٹیم مینجمنٹ کی قسمت کا فیصلہ پی سی بی کی قائم کردہ کرکٹ کمیٹی کرے گی جس میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور ایم ڈی پی سی بی وسیم خان شامل ہیں۔اس حوالے سے بورڈ میں مکی آرتھر کے معاہدے میں ایک سال کی توسیع کی بھی تجویز پیش کی گئی اور انہیں ورلڈ ٹی20 تک ٹیم کے ساتھ کام جاری رکھنے کی آراءبھی دی گئی لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کردی ہے اور اس سلسلے میں اینڈی فلاور اور ثقلین مشتاق بھی دوڑ میں شامل ہیں۔باوثوق ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کے لیے پی سی بی نے زمبابوے کے اینڈی فلاور سے رابطہ کیا ہے جو اس سے پہلے پانچ سال انگلش ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں اور انہیں ایک بہترین کوچ مانا جاتا ہے۔