ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرنے کے لئے آج دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور میزبان انگلینڈ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ یہ میچ برمنگھم میں شروع ہوگا۔
آسٹریلیا کی ٹیم کو رواں ورلڈکپ میں بھی انگلینڈ پر واضح برتری حاصل ہے جہاں انہیں دو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلینڈ کو 3 میچوں میں شکست ہوئی۔
آسٹریلیا نے پچیس جون کو لارڈذ کے تاریخی گراؤنڈ میں گروپ میچ میں انگلینڈ کو چونسٹھ رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
ورلڈ کپ کی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پہلی مرتبہ 1975 میں اولین ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آمنے سامنے آئی تھیں جہاں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو چاروں شانے چت کرکے فائنل میں جگہ بنائی تھی لیکن ویسٹ انڈیز نے فائنل میں انہیں شکست دے دی تھی۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کا 1987 ورلڈکپ کے فائنل میں بھی مقابلہ ہوا اور ایک مرتبہ پھر انگلینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں آسٹریلیا پہلی مرتبہ کرکٹ کا چیمپیئن بن گیا تھا۔
کرکٹ ورلڈ کپ کی ابتدائی تاریخ میں انگلینڈ نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی تینوں ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ 1979 میں کامیابی بھی حاصل کی۔