قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے کہا ہے کہ گزشتہ دو تین سال سے مسلسل کھیل رہا تھا جس کے باعث قدرے تھکاوٹ کا شکار رہا اور رفتار کم ہوئی لیکن اب فارم اور فٹنس پر کام کرنے سے ردھم واپس آ گیا ہے اور امید ہے کہ باﺅلنگ کی رفتار میں بھی اضافہ ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں محمد عامر نے کہا کہ ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی پر بہت زیادہ خوش ہوں اور فارم اور فٹنس پر کام کرنے کی وجہ سے ردھم بھی واپس آ گیا ہے۔ وکٹیں مل رہی ہوں تو رفتار میں بہتری لانے کیلئے بھی حوصلہ بڑھتا ہے جبکہ ہر فاسٹ باﺅلر کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ90 کی رفتار سے باﺅلنگ کروائے۔
انہوں نے کہا کہ فٹنس کافی بہتر ہو چکی ہے اور اب امید ہے کہ اپنی رفتار میں بھی مزید بہتری لانے میں کامیاب ہو جاﺅں گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ میں کفائتی باﺅلنگ کی بڑی اہمیت ہوتی ہے، ڈاٹ بال زیادہ کروانے میں کامیاب ہوں تو وکٹیں بھی ملتی ہیں، اسی حکمت عملی کے تحت باﺅلنگ کرتا ہوں۔