ٹیکنالوجی کی خبریں

کس ملک نے لکڑی سے بنا سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا؟

جاپان نے دنیا کا پہلا لکڑی سے تیار کردہ سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا ہے۔ جاپانی سائنسدانوں نے 5 نومبر کو یہ سیٹلائیٹ خلا کے لیے لانچ کیا۔

کیوتو یونیورسٹی اور Sumitomo Forestry کے سائنسدانوں نے یہ منفرد سیٹلائٹ تیار کیا ہے۔

لیگنو سیٹ نامی اس سیٹلائٹ کی تیاری کا آغاز اپریل 2020 میں ہوا تھا جس کا مقصد ماحول دوست سیٹلائٹ کو تیار کرنا تھا۔

یہ سیٹلائیٹ اسپیس ایکس کے ایک مشن کے ذریعے لانچ کیا گیا جو پہلے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پہنچے گا اور وہاں سے اسے زمین کے اوپر 250 میل کی بلندی پر پرواز کے لیے روانہ کیا جائے گا۔

اس سیٹلائیٹ کو خلا میں بھیجنے کا مقصد یہ ثابت کرنا ہے کہ ماحول دوست میٹریل کو بھی خلائی تسخیر کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس کے لیے منگولیا ووڈ نامی لکڑی کا استعمال کیا گیا جو اپنی مضبوطی کے لیے جانی جاتی ہے۔

10 کیوبک سینٹی میٹر حجم کے اس سیٹلائٹ کو روایتی جاپانی تکنیک کے ذریعے اسمبل کیا گیا جس کے نتیجے میں گلیو یا اسکریوز کی ضرورت ختم ہوگئی۔

اس میں اوپر سولر پینلز نصب ہیں جبکہ اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ سیٹلائٹ کی لکڑی سے خلا بازوں کی صحت کو نقصان نہ پہنچے یا آئی ایس ایس کے آلات کے افعال متاثر نہ ہوں۔

لانچ کے بعد 6 ماہ تک یہ سیٹلائٹ مختلف اقسام کا ڈیٹا اکٹھا کرے گا جس کو مدنظر رکھ کر لیگنو سیٹ 2 کو تیار کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق خلا میں لکڑی زمین کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ وہاں نمی یا آکسیجن موجود نہیں جس کے باعث لکڑی کے خراب ہونے یا پھولنے کا خطرہ نہیں۔

Related Articles

Back to top button