کون سا اسمارٹ فون ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہورہا ہے؟
اسمارٹ فونز کی فروخت کے اعدادوشمار جاری کرنے والی کمپنی کاؤنٹر پوائنٹ نے 2024 کی تیسری سہ ماہی (جولائیری سے ستمبر) کے دوران سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فونز کے بارے میں بتایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی سے ستمبر2024 کے دوران دنیا بھر میں ایپل کا آئی فون 15 سب سے زیادہ فروخت ہوا جسے 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا۔
2024 کی تیسری سہ ماہی کے دوران مجموعی مارکیٹ شیئر میں آئی فون 15 کا حصہ 3.5 فیصد رہا۔
دوسری اور تیسرے نمبر پر بھی بالترتیب ایپل کے آئی فون 15 پرو میکس اور آئی فون 15 پرو رہے۔
رپورٹ حیران کن نہیں کیونکہ عموماً آئی فونز کے مختلف ماڈلز ہی دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہوتے ہیں اور آئی فون 15 کافی عرصے سے دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون ہے۔
زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا بھر میں استعمال ہونے والے اسمارٹ فونز میں آئی فونز کا مجموعی حصہ 19 فیصد ہے جبکہ 77 فیصد اینڈرائیڈ فونز ہیں۔
کاؤنٹر پوائنٹ کے ڈیٹا کے مطابق 2023 میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون آئی فون 14 تھا جبکہ آئی فون 14 پرو میکس اور 14 پرو بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے تھے۔
اس سے قبل جنوری سے مارچ اور اپریل سے جون 2024 کے دوران بھی دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فونز میں آئی فونز کا غلبہ رہا تھا۔
رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایک سے 4 نمبر پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والے اسمارٹ فونز ایپل کے تیار کردہ تھے۔
اس عرصے میں آئی فون 15 پرو میکس دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون ثابت ہوا تھا۔
اس کے بعد آئی فون 15 دوسرے، آئی فون 15 پرو تیسرے جبکہ آئی فون 14 چوتھے نمبر پر رہا۔
اسی طرح اپریل سے جون کے دوران آئی فون 15 پہلے نمبر پر رہا تھا۔
آئی فون 15 پرو میکس دوسرے جبکہ آئی فون 15 پرو تیسرے نمبر پر رہا۔