ٹیکنالوجی کی خبریں

سام آلٹمین کی 2025 سے متعلق بڑی پیشگوئی

چیٹ جی پی ٹی جیسے مقبول ترین آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ تیار کرنے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے 2025 کے حوالے سے اہم پیشگوئی کی ہے۔

اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو نے پیشگوئی کی کہ 2025 میں اے آئی ایجنٹس ورک فورس کا حصہ بن جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اے آئی ایجنٹس خودکار طور پر فیصلہ کرنے کے قابل ہوں گے، اپنے مقاصد خود طے کرسکیں گے اور کم از کم انسانی مداخلت کے ساتھ اپنے کاموں کو مکمل کرسکیں گے۔

ایک بلاگ پوسٹ میں سام آلٹمین نے اے آئی کے مستقبل اور انسانی ذہانت جیسے آرٹی فیشل جنرل انٹیلی جنس (اے جی آئی) کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہمارا ماننا ہے کہ 2025 میں ہم ایسے اولین اے آئی ایجنٹس کو دیکھ سکتے ہیں جو افرادی قوت کا حصہ بن جائیں گے اور کمپنیوں کی پیداواری گنجائش کو نمایاں حد تک بدل دیں گے، اے آئی میں پیشرفت میں متعدد نشیب و فراز دیکھنے میں آئے ہیں اور مستقبل میں ایسا مزید ہوگا’۔

انہوں نے کہا کہ اوپن اے آئی اے جی آئی کی تیاری کے حوالے درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ اے جی آئی ایسا سسٹم ہوگا جو انسانی ذہانت کے برابر یا اس سے بھی زیادہ اسمارٹ ہوگا۔

اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو نے گزشتہ 2 برسوں کے دوران اپنی کمپنی کی کامیابیوں اور چیلنجز پر بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ اوپن اے آئی بہت زیادہ ذہین اے آئی سسٹمز پر کام کرنے کی جانب بڑھ رہی ہے، یہ ایسے سسٹمز ہوں گے جو ذہانت کے لحاظ سے انسانوں کو پیچھے چھوڑ دیں گے اور ان کی بدولت سائنس کے شعبے میں تیزی سے پیشرفت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سسٹم کچھ بھی کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹولز سائنسی دریافتوں کی رفتار کو بہت زیادہ تیز کر دیں گے جس سے دنیا کی خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی کی جانب سے جنوری 2025 میں آپریٹر نامی اے آئی ایجنٹ جاری کیا جار ہا ہے۔ یہ نیا اے آئی ایجنٹ کوڈنگ اور ٹریول بکنگ جیسے کام صارف کی جانب سے خود کرسکے گا۔

Related Articles

Back to top button