آج کل کے دور میں نئے اور اچھے ڈیزائن کے فون متعارف کرانے میں کمپنیاں ایک دوسرے سے بازی لے جانے میں مصروف ہیں۔
موبائل فونز تیار کرنے والی بڑی کمپنیاں، ایپل، سام سنگ اور ہواوے جہاں ایک دوسرے کو فون کے معیار اور کیمرے میں ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کی ریس میں لگی رہتی ہیں۔
وہیں یہ کمپنیاں موبائل فونز کے ڈیزائن میں بھی ایک دوسرے کی حریف سمجھی جاتی ہیں اور اس وقت یہ تینوں بڑی کمپنیاں فولڈ ایبل فونز بنانے میں مصروف ہیں۔
تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ جاپانی ملٹی نیشنل کمپنی سونی نے بھی ایپل، سام سنگ اور ہواوے کے ٹکر کے فولڈ ایبل فون پر کام شروع کردیا۔
رپورٹس ہیں کہ سونی رواں برس کے آخر یا پھر 2020 کے آغاز میں فولڈ ایبل فون کو متعارف کرائے گا۔
اگرچہ فون کی زیادہ تر تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم رپورٹس ہیں کہ سونی کے فولڈ ایبل فون سنیپ ڈریگون 855 اور کوالکوم ایکس 50 سے لیس ہوگا، جس وجہ سے یہ فون فائیو جی سپورٹڈ بھی ہوگا۔
رپورٹس ہیں کہ سونی کے فولڈ ایبل فون میں ایل جی کی اسکرین استعمال کی جائے گی جب کہ اس کے کیمرے کو بھی سونی کے دیگر فونز کے مقابلے بہتر بنایا جا رہا ہے اور اس میں نئے فیچرز شامل کیے جائیں گے۔