میٹا کی انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے پلیٹ فارم پر اشتہارات چلانے کی خبروں کومسترد کر دیا۔
ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ میٹا کی جانب سے واٹس ایپ پر آمدنی میں اضافے کے لیے پلیٹ فارم پر اشتہارات متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ سربراہ واٹس ایپ وِل کیتھ کارٹ نے اپنی ایکس پوسٹ میں دعوے کو مسترد کرتے ہوئے لکھا کہ یہ خبر جھوٹ ہے۔ کمپنی ایسا نہیں کر رہی۔
واٹس ایپ کے ایک ترجمان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کمپنی کے اندر اگر کسی نے اس متعلق گفتگو کی ہے تو کمپنی اس کی ذمہ دار نہیں، لیکن کمپنی نہ تو اس کی آزمائش کر رہی ہے نہ اس پر کوئی کام ہو رہا ہے اور نہ ہی ایسا کرنے کا کوئی ارادہ ہے۔
ذرائع ابلاغ میں ایسی بھی خبریں گرم تھیں کہ میسجنگ ایپ ممکنہ طور پر اشتہارات کے بجائے صارفین پر سبسکرپشن فی کا اطلاق کر سکتی ہے۔